نئی دہلی، 2/جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے ایک بار پھر پی ایم نریندر مودی پرنشانہ لگایاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم 300 سیٹ لے کرہندوستان پہ من مانی کریں گے۔یہ نہیں ہو سکے گا۔وزیر اعظم سے ہم کہنا چاہتے ہیں۔ آئین کا حوالہ دے کر اسد الدین اویسی آپ سے لڑیں گے۔مظلوموں کے انصاف کے لیے لڑیں گے۔اسد الدین اویسی نے مزیدکہاہے کہ ہندوستان کو آباد رکھنا ہے، ہم ہندوستان کو آباد رکھیں گے۔ہم یہاں پر برابر کے شہری ہیں، کرایہ دار نہیں ہیں حصہ دار رہیں گے۔اس سے پہلے کل آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا تھاکہ ملک کے مسلمانوں کو بی جے پی کے اقتدار میں آنے سے ڈرنا نہیں چاہیے کیونکہ آئین ہر شہری کو مذہبی آزادی کا حق دیتا ہے۔مکہ مسجد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاتھاکہ بھارت کا قانون، آئین ہمیں اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ہم اپنے مذہب پر عمل کریں۔انہوں نے کہا تھاکہ جب بھارت کے وزیر اعظم مندر جا سکتے ہیں تو ہم بھی فخرکے ساتھ مسجدجاسکتے ہیں۔اسد الدین اویسی نے یوگا گرو رام دیو پر ان کے اس بیان پر طنز کسا تھا، جس میں انہوں نے کہاتھا کہ ملک کی آبادی کنٹرول کرنے کے لئے 'تیسرے بچے کو ووٹ کا حق چھین لینا چاہئے۔'